بحیرہ روم سے بحر ہند تک امریکہ کو منہ توڑ جواب دیں گے، جنرل صفوی
دفاعی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی جنرل یحی رحیم صفوی نے کہا ہے کہ ایران بحیرہ روم سے لیکر بحر ہند تک امریکہ کو منہ توڑ جواب دے گا۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبوں سے قبل نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل یحیی رحیم صفوی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کا اردہ نہیں رکھتا لیکن حملے کی صورت میں منہ توڑ جواب دے گا۔
دفاعی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر اعلی نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی اقدام کے نتیجے میں پورے خطے میں بھونچال آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ ایران کے خلاف مہم جوئی کی فکر میں ہے تو اسے جان لینا چاہیے کہ بحیرہ روم سے لیکر بحیرہ احمر تک ہی نہیں بلکہ بحر ہند میں ہر جگہ امریکہ کو جواب دیا جائے گا۔
جنرل یحی رحیم صفوی نے شام، عراق، افغاستان، لبنان، فلسطین اور یمن سمیت پورے خطے میں امریکہ کی ناکامیوں کا جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں اسلامی انقلاب کے حامیوں کا محاذ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور ہے کیونکہ اسے عوامی حمایت حاصل ہے اور شجاعت و دانشمندی کا بھی حامل ہے۔
دفاعی امورمیں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیرنے یمن کے خلاف جنگ میں سعودی اتحاد کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام کے جوابی حملے اپنے دفاع کے جائز حق کے عین مطابق ہیں۔
جنرل یحی رحیم صفوی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب فرسودگی اور زوال کا شکار ہیں اور ان کی طاقت کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی طاقت روبہ زوال ہے اور صیہونی حکومت جو ایک زمانے میں نیل سے فرات تک تسلط کا نعرہ لگایا کرتی تھی آج پے در پے شکستوں سے دوچار ہے۔
دفاعی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی نے ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی اقتصادی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام اقتصادی اور سیاسی دباؤ کا مرحلہ بھی کامیابی کے ساتھ عبور کرلیں گے۔