Oct ۲۳, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۰ Asia/Tehran
  • اربعین پیدل مارچ اتحاد کا بہترین موقع : صدر روحانی

ایران کے صدر نے اربعین پیدل مارچ کو قومی یکجہتی اور اتحاد کا بہترین موقع قرار دیا ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ثقافتی انقلاب کی سپریم کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے حالیہ برسوں میں اربعین مارچ کی روایت ایک اہم واقعہ اور مسلمانوں کے اتحاد کی علامت بن چکی ہے۔

صدرمملکت نے اربعین پیدل مارچ کے روحانی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں شریک کروڑوں زائرین کی، جن میں کئی لاکھ ایرانی زائرین بھی موجود تھے،اہل بیت اور بالخصوص حضرت امام حسین علیہ السلام سے بے پناہ محبت اور عقیدت ظاہر ہوتی ہے۔

انہوں نے اربعین پیدل مارچ کے سیاسی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اربعین پیدل مارچ کے ثقافتی اور تہذیبی اثرات کے ساتھ ساتھ ہمیں اس عظیم تقریب کے سیاسی اثرات بھی نظر آتے ہیں اور ان میں سے ایک یہ ہے کہ ایک ایسے وقت جب دشمن ہمارے خطے میں بدامنی اورعدم استحکام پھیلانا چاہتا ہے تو اسی وقت کروڑوں زائرین پر سکون ماحول میں اربعین پیدل مارچ میں شریک ہوئے۔

 صدر روحانی نے اس عظیم اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کے تنوع اور کثرت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرنے والے زائرین میں غیر شعیہ اور ہر قوم و قبیلے سے تعلق رکھنے والے بھی موجود تھے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ دنیا نے اربعین پیدل مارچ کے موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام کے پیروکاروں اور آپ (ع) سے محبت کرنے والوں کے درمیان گہرے بندھن اور اتحاد کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے صدر مملکت کو اربعین پیدل مارچ تقریب کے انعقاد سے متعلق رپورٹ  پیش کی۔

 

ٹیگس