Oct ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • امام غریب کے غم میں ایران اسلامی سوگوار و عزادار

فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت پر پورا ایران اسلامی سوگوار و عزادار ہے۔ اس وقت بارگاہ رضوی اور روضہ مبارک کے اطراف کی سڑکیں زائرین اور عزاداروں سے مملو ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف علاقوں اور قریوں اور اسی طرح دوسرے ملکوں سے دسیوں لاکھ زائرین آٹھویں امام کے یوم شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچے ہیں۔

فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت پورے ایران اسلامی میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔ 
مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات کا روضہ مبارک اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر پیر کی ساری رات عزاداری اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری رہا ۔
منگل کو نماز صبح کے بعد سے ہی مشہد مقدس اور مضافاتی علاقوں سے ماتمی دستے روضہ مبارک پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔
مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک کے مختلف ہالوں، صحنوں اور اطراف کی شاہراہوں پر اس وقت بھی نوحہ خوانی و سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔ 
فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے ایران کے مختلف علاقوں سے سوگواروں اور عزاداروں کے مختلف کارواں کئی دن کی مسافت پیدل طے کرکے مشہد مقدس پہنچے ہیں۔ 
عاشقان رسول و آل رسول کےسوگواروں اور عزاداروں کا سب سے بڑا پیدل مارچ کئی دن پہلے، مشہد مقدس سے تقریبا سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تاریخی شہر نیشابور سے شروع ہوا تھا۔ اس پیدل مارچ میں شرکت کے لئے ایران کے مختلف علاقوں اور دوسرے ملکوں کے زائرین اربعین حسینی کے بعد ہی نیشابور پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ نیشابور مشہد مقدس پیدل مارچ میں شرکت کرنے والے عزاداروں اور زائرین کی تعداد لاکھوں میں بتائی گئی ہے۔ 
صوبہ خراسان رضوی کے زائرین کے امور کی کمیٹی نے بتایا ہے کہ پیر کی دوپہر تک پینتیس لاکھ سے زائد زائرین یوم شہادت امام ہشتم کی مخصوصی میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچ چکے تھے۔
بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت کی عزاداری میں شرکت کے لئے ایران اسلامی کے دوسرے علاقوں سے اسّی لاکھ سے زائد زائرین مشہد مقدس پہنچے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ہندوستان، پاکستان، افغانستان ، آذربائیجان، عراق اور دیگر ملکوں کے دسیوں ہزار زائرین بھی ماہ صفر کے آخری ایام اور فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم شہادت ، کی مخصوصی میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچے ہیں اور روضہ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام میں، عزاداری میں مصروف ہیں۔ 
قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی لاکھوں سوگوار و عزادار آپ کو آپ کے برادر بزرگوار کا پرسہ دینے اور نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف ہیں۔ 
یہاں دارالحکومت تہران کی سبھی مساجد، حسینیوں، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مراکز میں مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا اور ماتمی دستے برآمد ہوئے۔ 
اسی کے ساتھ ملک کے تمام دیگر شہروں اور قریوں میں بھی فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا اور نوحہ و خوانی و سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔ 
پاکستان اور ہندوستان کے سبھی شہروں اور قریو میں بھی اہل بیت اطہار علیہم السلام کی عزاداری کے آخری ایام کی مناسبت سے مجالس عزا اور ماتمی دستے برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

ٹیگس