جوہری معاہدے کی ناکامی عالمی سلامتی کیلئے خطرے کی گھنٹی: ایران
ایران نے کہا ہے کہ امریکی علیحدگی کے بعد جوہری معاہدے کے دوسرے فریق اپنے وعدوں میں ناکام ہوئے اسی لیے ایران اس معاہدے میں باقی رہنے کے لیے ایسے اقدامات کرنے پر مجبور ہوا۔
برطانیہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرحمید بعیدی نژاد نے گزشتہ روز اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے سے متعلق کچھ وعدوں کی معطلی کیلئے ایران کا اقدام، اس معاہدے کے دوسرے فریقوں کو مہلت دینے کے مقصد سے ہے کیونکہ جوہری معاہدے کی ناکامی سے عالمی سلامتی کو انتہائی خطرناک نتائج در پیش ہو سکتے ہیں۔
حمید بعیدی نژاد نے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے سے اپنے کئے گئے وعدوں پر من و عن عمل کیا ہے اور باقی مسائل کے حل کے لیے دوسرے فریقین کے ساتھ مذاکرات کرنے پر تیار ہے تاہم ہم نےدوسرے فریقین کو متنبہ کرنے کے لیے جوہری معاہدے کے تحت اپنے کچھ وعدوں کو کم کرکے ان فریقین سے اپنے وعدوں پر مکمل عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے جوہری معاہدے کے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ مکمل طور پراپنے وعدوں پر کاربند رہیں۔