Nov ۲۱, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • بلوائی اور شرپسند ناکام، ایرانی عوام سرخرو

اسلامی جمہوریہ ایران کے غیور، بہادراور انقلاب دوست عوام نے ایک بار پھراپنی صفوں سے بلوائیوں، شرپسندوں اور تخریب کاروں کو اپنے اتحاد و یکجہتی سے نکال باہر کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دوسرے شہروں کی طرح کل ایران کے صوبہ گیلان کے صدر مقام رشت، صوبہ ہمدان، اردبیل اور دوسرے شہروں میں عوام نے شرپسندوں اور بلوائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، عظیم الشان ریلیاں نکالیں اور امریکہ، اسرائیل،منافقین اور شرپسندوں کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ کے بیان کی حمایت کا اعلان کیا۔ جبکہ شہداء کی تشییع جنازہ میں بھی عوام نے بھر پور شرکت کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں چند روز کی بدامنی اور آشوب کے بعد امن و امان مکمل طور پر بحال ہوگیا ہے اور دارالحکومت تہران میں عوام نے اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کو پھول پیش کرکے ان کی قدردانی کی۔

اس سے پہلے منگل کو بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں من جملہ تبریز، شہرکرد،، اہواز، رامشیر اور کارون کے عوام نے بھی سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور بلوائیوں سے بیزاری اور نفرت کا اعلان کیا۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد ایران کے بعض شہروں میں عوام نے پر امن مظاہرے کئے تھے لیکن اغیار سے وابستہ بلوائی عناصر نے عوام کے ان مظاہروں کو تشدد میں تبدیل کرکے منحرف کردیا۔ بلوائیوں نے مختلف شہروں میں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔ اس دوران وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعووں کی تکرار کرتے ہوئے بلوائیوں اور تخریبی عناصر کی حمایت کا اعلان کیا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کو فقہ کے درس خارج کے دوران پٹیرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد رونما ہونے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت کے اس فیصلے سے عوام کے بعض حلقوں میں یقینا تشویش پیدا ہوئی ہوگی اور وہ ناراض بھی ہوں گے لیکن تخریب کاری اور آگ لگانے کے اقدامات عوام نے نہیں بلکہ شر پسندوں نے انجام دیئے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کے دشمنوں اور انقلاب کے مخالفین نے ہمیشہ اس قسم کے تخریبی اور بدامنی پھیلانے والے اقدامات کی حمایت کی ہے اور اسی کام میں مشغول ہیں۔

ٹیگس