امریکی حکام کے بیانات بدنیتی پر مبنی ہیں،ترجمان وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملک کی حالیہ بدامنی کے حوالے سے امریکی حکام کے بیانات کو بد نیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کے بیانات ایرانی عوام کے ساتھ دوستی اور خیر خواہی کی بنیاد سے عاری ہیں۔ انہوں نےایران کے بعض شہروں میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بھی زیادہ ناخوشگوار بات اس معاملے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت ہے جس کی اسلامی جہموریہ ایران سختی کے ساتھ مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کی حمایت کی تمام تر ذمہ داری اس معاملے میں دانستہ مداخلت کرنے والوں پرعائد ہوتی ہے۔ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے پوچھےگئے ایک سوال کے جواب میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے غیر قانونی طور پر اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور اب اسے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں زبان کھولنے کا حق نہیں ہے۔سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی ادارے کی متعدد رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پر پورے طور سے عمل کر رہا ہے۔