خودمختار فلسطینی مملکت کی تشکیل پر تاکید
ویانا میں عالمی اداروں میں ایران کے نائب مندوب نے فلسطین پرغاصبانہ قبضہ ختم کئے جانے اور آزاد فلسطینی مملکت کے قیام پر زور دیا ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو -
ویانا میں ایران کے نائب مندوب رضاغائبی نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں کہا کہ پائیدار امن اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب فلسطینیوں کے حقوق منجملہ فلسطین پرغاصبانہ قبضہ ختم ، فلسطینی عوام کی وطن واپسی ممکن بنائے جانے اور ایسی فلسطینی حکومت تشکیل دی جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
رضا غائبی نے مقبوضہ فلسطین خاص طور سے غرب اردن میں فلسطینی عوام کی ابتر حالت اور غزہ میں محاصرے و اقتصادی پابندیوں کی بنا پر رونما ہونے والے انسانی بحران ، بڑے پیمانے پر صیہونی جارحیتوں اور اسکولوں اور گھروں کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور غزہ پٹی کے غیر قانونی محاصرے کو بلاقید و شرط ختم کئے جانے اور اس علاقے کے تمام راستوں اور گذرگاہوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔