اسمبلی انتخابات کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز
Dec ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
ایران میں مجلس شورائے اسلامی یا قومی اسمبلی کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز ہوگیا ہے۔
ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے وزارت داخلہ کے الیکشن ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے عمل کا باضابطہ اعلان کیا جو سات دسمبر تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں افراد صوبائی الیکشن کمیشن یا کمشنر آفس سے رجوع کر کے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام سات دسمبر کے بعد شروع ہوگا اور گیارہ فروری کو اہل امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔ نامزد امیدوار اپنی انتخابی مہم تیرہ فروری سے شروع کر سکیں گے جبکہ اکیس فروری کو ملک کے دو سو آٹھ ریجنز میں بیک وقت ووٹ ڈالے جائیں گے۔