جاپان، صدر مملکت کے دورے کی تیاریوں میں مصروف
جاپان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ جاپان کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔
جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کے دورہ جاپان کے بارے میں استقبال،ملاقات، گفتگو اورانتظامات کےامور انجام پا رہے ہیں۔
جاپانی وزیراعظم نے کہا کہ صدر روحانی کے دورہ جاپان کے سلسلے میں گفتگو جاری ہے اور ایرانی صدر کا جاپان کا دورہ رواں ماہ کے اختتام تک انجام پائے گا تاہم جاپانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر 20 یا 21 دسمبر کو جاپان کا دورہ کریں گے۔
جاپانی وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ایشیا میں امن و صلح کے لئے وہ کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس سفر میں مشترکہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے انخلا کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ جاپانی وزیراعظم نے 12 جون کو ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے ایران کا دورہ کیا تھا اور رہبر انقلاب اسلامی اور صدر مملکت سے ملاقاتیں کیں۔