ایران کے داخلی مسائل میں فرانس کی مداخلت ناقابل برداشت ہے: وزارت خارجہ
Dec ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے فرانسیسی صدر کے مداخلت پسندانہ بیانات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل میں فرانس کی مداخلت ناقابل برداشت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بدھ کے روز اپنے ٹوئٹر پیج میں فرانسیسی صدر کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرانس فراموش نہ کرے کہ ایران ایک خود مختار ملک ہے، ہماری حکومت اور عدلیہ بھی کسی کے مشورے کو قبول نہیں کرتی ہیں۔
سید عباس موسوی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے اندرونی مسائل میں اغیار کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی صدر امانوئل میکرون نے ایران میں قید دو فرانسیسی شہری فریبا عادل خواہ اور رولاند مارشل کی جو جاسوسی اور امن و امان کو خراب کرنے کے الزام میں جیل میں ہیں جلد رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔