تمام مسلم ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں: صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مسلم ممالک کے سربراہوں کو مسلمانوں کے مناسب مقام اور حیثیت کے بارے میں سوچنا چاہئے کہا کہ ایران ، تمام مسلم ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔
ایران کے صدرحسن روحانی نے جمعرات کو کوالالامپور میں ہونے والے اجلاس میں کہا کہ اسلامی ممالک میں تکفیریت کا نتیجہ جہالت ، تعصب اور قتل وغارت گری کے سوا کچھ نہیں نکلا ہے ۔
ایران کے صدر نے کہا کہ اسلام ، تہذیبوں کے درمیان ٹکراؤ نہیں چاہتا بلکہ اسلام کا تمدن دوسروں کو برداشت کرنے ، انھیں دعوت دینے اور پرامن بقائے باہمی پر استوار ہے۔
صدرمملکت نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ انتہاپسندانہ نظریات نے اسلامی معاشروں کو کافی نقصان پہنچایا ہے کہا کہ افسوس کہ مغربی رول ماڈل کی پیروی اور دینی عقائد اور قومی روایات کی جانب سے بےتوجہی ، بعض اسلامی معاشروں کی پیشرفت کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ملیشیا میں اسلامی ملکوں کا" کولالامپور دوہزارانیس سربراہی اجلاس" جمعرات کی صبح شروع ہوا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے صدور ، قطر کے امیر اور ملیشیا کے وزیراعظم سمیت اسلامی ملکوں کے سیکڑوں اعلی حکام اور مندوبین نیز دانشور و مفکرین شریک ہیں۔