Jan ۰۵, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے وفادار ساتھیوں کی ایران کے شہر اہواز میں ہونے والی پہلی تشییع جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

مرد مجاہد اور استقامتی محاذ کے سپہ سالار جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر اور انکے ساتھیوں کے جلوس جنازہ میں لاکھوں کی تعداد میں سوگواروں اور اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی ۔ 

ایران کے صوبہ خوزستان کے مرکزی شہر اہواز میں شہداء کی تشییع جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی کو مشہد مقدس میں تشییع  اور حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں طواف کے بعد تہران پہونچایا جائیگا جہاں آج رات مصلائے امام خمینی (رح) میں شہداء سے وداع  جبکہ کل صبح تہران میں تشییع جنازہ اور اس کے بعد قم المقدس اور کرمان میں بھی جنرل قاسم سلیمانی سمیت دیگر شہداء کی تشییع جنازہ اور تدفین کا پروگرام ہے۔

آج صبح سویرے جنرل قاسم سلیمانی سمیت دیگر شہداء کی میتیں ایران کے صوبہ خوزستان کے مرکزی شہر اہواز پہنچیں۔

سنیچر کوشہید جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکارفورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور دیگر شہدا کے جنازوں کی کاظمین ، بغداد ، کربلائے معلی اور نجف اشرف میں تاریخی اور انتہائی پرشکوہ انداز میں تشییع کی گئی تھی جن میں لاکھوں عراقی شہریوں اور سوگواروں نے امریکا کے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے کمانڈروں اور جانبازوں کے جنازوں میں شرکت کرکے شہدا کے خون سے وفاداری کا اعلان کیا۔ جلوس جنازہ میں شریک سوگواروں نے استقامتی محاذ کے کمانڈروں کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کی اور عراق سے دہشت گرد امریکی فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا -

جلوس جنازہ میں موجود لاکھوں سوگوار اپنے ہاتھوں میں استقامتی گروہوں اور عراق و ایران کے قومی پرچم نیز ان عظیم شہدا کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے اورانہوں نے امریکا، اسرائیل اور علاقے کی بعض رجعت پسند عرب حکومتوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے  اور عراق کی فضا امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

ٹیگس