سینچری ڈیل اس صدی کی سب سے بڑی خیانت ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطینیوں کیلئے امریکی نام نہاد سینچری ڈیل پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صدی معاملے میں فلسطینیوں کے حقوق کو نظر انداز کیا گیا ہے اور یہ منصوبہ غداری کی ڈیل ہے اور اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے صدی معاملے کو اس صدی کی سب سے بڑی خیانت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ صدی معاملے میں فلسطینیوں کے حقوق کو نظر انداز اور اسرائیل کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی سرزمین فلسطینیوں کی ہے اور عالم اسلام فلسطینی سرزمین کے بارے میں کسی بھی معاملے کو تسلیم نہیں کرے گا۔ سید عباس موسوی نے علاقے اور دنیا کی آزاد ریاستوں سے اس منصوبے کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فلسیطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے اور ناجائر صہیونی ریاست ایک جارح ریاست ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی مسئلے کا واحد حل ایک ایسے استصواب رائے کا انعقاد ہے جس میں اس سرزمین کے تمام عوام حصہ لے کر اپنے مستقبل کا فیصلہ خود ہی کرسکیں۔
ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے دشمنانہ منصبوبے کو شکست کا سامنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطۂ نظر سے فلسطین اور بیت المقدس کا مسئلہ دنیائے اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔
سید عباس موسوی نے مزید کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ بعض اسلامی ممالک اس بات کو بھول چکے ہیں کہ امریکہ نے مسلمانوں کی عزت اور ان کے مستقبل کو نشانہ بنایا ہے اور وہ دشمن کو دوست سمجھ کر یا جان بوجھ کر یا پھر اسٹریٹجک غلطی کی بنا پر70 برسوں سے انسانیت کیخلاف جاری ناجائزصہیونی ریاست کے جرائم پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطین کے مسئلے کی عجلت و اہمیت اور اسلامی امت کیخلاف صدی کے نام نہاد معاہدے کے پیچھے ہونے والی ایک بہت بڑی سازش کے پیش نظر، اس کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام اسلامی ممالک کیساتھ ہر سطح پر تعاون کیلئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز ناپاک صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کی رونمائی کی جس پرعالمی سطح پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔