دنیا کے تمام حریت پسندوں کو جشن انقلاب مبارک ہو
آج 22 بھمن یعنی 11 فروری ہے۔ آج کی تاریخ ایران میں عظیم اسلامی انقلاب کی کامیابی اور ظالم اور جابر سامراجی طاقتوں کی شکست اور مظلوم اور حریت پسندوں کی کامیابی کا دن ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم ، انقلابی اورغیرتمند قوم آج 41 ویں جشن آزادی مذہبی اور قومی جوش و جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے اور اب سے تھوڑی دیر بعد بڑی بڑی عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ایران کے مختلف شہروں میں ہونے والی تقریبات اور ریلیوں میں حکومتی ارکان، مسلح افواج کے عہدے داران، مذہبی رہنما، اہم شخصیات اور عوام کی بہت بڑی تعداد شریک ہو گی.
ریلیوں کے اختتام پرصدر مملکت حسن روحانی تہران کے آزادی اسکوائر پر بڑی اور پر وقار عوامی تقریب سے خطاب کریں گے.
ملک بھر میں ہونے والی جشن آزادی کی تقریبات میں ملی نغمے، اور ملکی ثقافت کے فروغ پرمبنی پروگراموں کا انعقاد کیا جارہاہے۔
بلاشبہ آج پوری ایرانی قوم اور آزاد منش اور حریت پسندوں کے لیے خوشی و مسرت کا دن ہے کیونکہ اس روز بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی قیادت میں ایران نے ایک ظالم اور سامراجی شاہی حکومت سے آزادی حاصل کی تھی.
سحرعالمی نیٹ ورک خوشی اور مسرت کے اس مبارک موقع پراپنے تمام سامعین، ناظرین اور حریت پسندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔