Feb ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • شہید سلیمانی علاقے میں اسلامی جمہوریہ کے موقف کے نقیب تھے ، وزیرخارجہ جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل نے استقامتی محاذ کے عزم کو مضبوط کیا ہے

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے لبنانی اخبار العھد کو انٹرویو دیتے ہوئے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کا نقیب قراردیا  اور کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کو کھونا پوری دنیا اور علاقے میں امن کے تمام حامیوں کے لئے بھاری نقصان شمار ہوتا ہے ۔

ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد علاقہ خاص طور سے شام و عراق کے عوام علاقے میں امریکہ کی تباہ کن پالیسیوں کی جانب متوجہ ہوگئے ۔

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے سینچری ڈیل کے بارے میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو سینچری ڈیل منصوبہ پیش کر کے انتخابات میں کامیابی اور اقتدار میں باقی رہنا چاہتے ہیں۔

ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ سینچری ڈیل نہ صرف ایک غیرحقیقی منصوبہ ہے بلکہ اس کا سیاست سے کوئی ربط نہیں ہے اور یہ غاصب صیہونی حکومت کو مضبوط بنانے کے لئے ایک تجارتی سودے بازی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے فلسطین کے سلسلے میں جانبداری سے کام کیا ہے اور وہ کبھی غیرجانبدار ثالث نہیں رہا ہے ۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ فلسطینی عوام آج اس نتیجے پر پہنچ گئے ہیں کہ امریکہ ان کی زمینوں کے سلسلے میں ثالثی نہیں کر سکتا بلکہ وہ پوری طرح انتہا پسندانہ شکل میں صیہونی حکومت کی طرفداری کرتا ہے۔

ٹیگس