Feb ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۴:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران کے پارلیمانی انتخابات میں انتخابی مہم کے شیڈول کا اعلان

ایران کے الیکشن کمیشن نے پارلیمانی انتخابات کی انتخابی مہم کے آغاز اور اختتام کے شیڈول اعلان کردیا ہے۔

ایران کے الیکشن کمیشن نے بدھ کو ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے اہل امیدواروں کی انتخابی مہم تیرہ فروری کی صبح سے شروع ہوگی اور بیس فروری کو ختم ہوجائے گی۔
 
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائےاسلامی کے گیارہویں دور کے الیکشن کے لئے اکیس فروری کو پورے ملک میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ایران کی گیارہویں مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے انتخابات میں سات ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔
آئین کی نگران کونسل کے ترجمان عباس کدخدائی نے کہا کہ سبھی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کی تعداد سات ہزار سے زیادہ ہے۔
 
قبل ازیں ایران کے عوام نے گیارہ فروری اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں کے اختتام پر ایک قرارداد پاس کرکے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ انتخابات کا شاندار انعقاد اسلامی جمہوری نظام کی عظمت کا مصداق اور مظہر رہا ہے اور ایرانی عوام اس بار بھی انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرکے اسلامی جمہوری نظام سے اپنی وفاداری کا ایک بار پھر اعلان کریں گے۔

ٹیگس