Mar ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران میں بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کا آغاز

ایران کی فوج نے بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں 300 آرمی میڈیکل سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل سید عبد الرحیم موسوی کی قیادت میں ایرانی فوج کے اعلی افسروں کا ہنگامی اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ منعقد ہوا ، جس میں ملک بھر میں موجود آرمی میڈیکل مراکز کے علاوہ 300 جدید میڈیکل سینٹر قائم کرنے اور بائیولوجیکل اور حیاتیاتی دفاعی مشقوں کو آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر انچیف جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اعلان کیا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے فرمان پر ملک میں کورونا وائرس کے مقابلے اور بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کے لئے، مسلح افواج میں امام رضا علیہ ہیڈکوارٹر قائم کردیا گیا ہے۔

مسٹر موسوی نے بتایا کہ پورے ایران میں کورونا وائرس کی روک تھا کے اقدامات کے تحت اتوار سے فوج کے حیاتیاتی دفاعی ہیڈکوارٹر کی کمان میں، بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فوج نے ملک کے تین سو علاقوں میں معالجاتی مراکز قائم کرکے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اس وائرس میں مبتلا افراد کا پتہ لگانے کی مہم بھی شروع کردی ہے۔

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ ہم حیاتیاتی دفاعی مشقوں میں فوج کی تمام تر صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کریں گے۔

یاد رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کو ملک کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری کے نام ایک فرمان صادر کرکے، کورونا وائرس کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیوں اور خدمات کی قدردانی کی اور ساتھ ہی حکم دیا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری مہم کو ایک کمان کے تحت لانے کے لئے، مسلح افواج کا معالجاتی ہیڈکوارٹر اور مرکز قائم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: مسلح فورسز کے جنرل اسٹاف کے سربراہ کے نام رہبر انقلاب کا فرمان

حکومت ایران نے ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اس وائرس کے خلاف ہمہ گیر موثر مہم کا آغاز کردیا تھا۔ ایران میں موجود صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او کی ٹیم کے ترجمان ریچرڈ برینن نے کورونا وائرس کے متعدد معالجاتی مراکز کے معائنے کے بعد سنیچر کی شام ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ ایران میں کورونا وائرس کے خلاف موثر مہم میں مختلف سرکاری اداروں اور عوام کے درمیان ہماہنگی سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کے کورونا کنٹرول اقدامات سے عالمی ادارۂ صحت مطمئن

انھوں نے کہا کہ ایران میں ڈاکٹر نرسیں اور طبی شعبے سے وابستہ دیگر سبھی افراد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کے علاج اور اس وائرس کو کنٹرول کرنے کی مہم میں جی جان سے لگے ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس