Mar ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران کے کورونا کنٹرول اقدامات سے عالمی ادارۂ صحت مطمئن

عالمی ادارہ صحت کی ایک ٹیم نے چینی ماہرین کے ہمراہ تہران میں قائم ڈاکٹر مسیح دانشوری ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج نیز خدمات کی فراہمی اور کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے انجام پانے والے اقدامات کا قریب سے مشاہدہ کیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ڈاکٹرمسیح دانشوری ہسپتال دورہ کرنے والے عالمی ادارہ صحت اور چینی ماہرین کے وفد نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے ایران میں انجام پانے والے اعلی سطحی  اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ 
عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے اس موقع پر کہا کہ ایران کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے اور آئندہ چند روز میں کورونا وائرس پر قابو پالیا جائے گا۔ 
عالمی ادارہ صحت  کے نمائندہ وفد نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے اقدامات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران، کورونا وائرس سمیت مختلف بیماریوں پر قابو پانے کی پوری توانائی رکھتا ہے اور وہ سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے بحرانوں میں اپنی اس توانائی کو ثابت کرچکا ہے۔ 
 عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے متعلقہ اداروں اور عوام کے درمیان دوطرفہ اور مضبوط تعاون کو وبائی بیماریوں پر قابو پانے کا بنیادی عنصر قرار دیا۔ 
 دوسری جانب ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے بدھ کی شام میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد پانچ سو باون ہوگئی ہے اور ان لوگوں کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس موذی مرض میں مبتلا افراد کی تعداد دو ہزار نو سو بائیس ہوگئی ہے۔انہوں نے  اس بیماری کے سبب اب تک بانوے افراد کی موت پر بھی اظہار افسوس کیا۔
درایں اثنا مغربی ایشیا کے دیگرملکوں میں بھی کوورنا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی خـبریں موصول ہوئی ہیں تاہم بعض ممالک اب بھی صحیح اعداد وشمار بتانے سے گریز کر رہے ہیں۔ 
غاصب صیہونی حکومت نے مقبوضہ علاقوں میں کورونا وائرس پھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد پندرہ ہوگئی ہے۔ 
 سعودی عرب کے اٹارنی جنرل نے کورونا وائرس سے متعلق خبروں کو روکنے کی غرض سے کہا ہے اس حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارووائی کی جائے گی۔ سعودی عرب کی وزارت صحت نے گزشتہ دنوں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد دوسو چوالیس بتائی تھی تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس حوالے سے  سعودی میڈیا میں کوئی خبر جاری نہیں کی گئی۔ 
 کویت میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھ کر چھپن ہوگئی ہے۔ 
مغربی ایشیا میں کورونا وائرس کے حوالے سے سب سے اہم خبر متحدہ عرب امارات سے موصول ہوئی ہے جہاں تمام اسکول چار ہفتے کے لیے بند کر دیئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک  بھر کے اسکول چار ہفتے تک بند رہیں گے اور طلبہ کو متبادل ذریعے سے تعلیم فراہم کرنے کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ 
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ امریکہ میں ایک اور شخص کی ہلاکت کے بعد کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد گیارہ ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد امریکی عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے اور ریاست کیلی فورنیا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے علاوہ ہائی الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق کورونا وائرس بڑی تیزی کے ساتھ دو ریاستوں کیلی فورنیا اور نیویارک میں پھیل رہا ہے اور اس میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق ریاست لاس اینجلس میں بھی سات افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد ایمرجنسی نافذ کرد ی گئی ہے۔ 
امریکی سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے پھیلاو کے حوالے سے صدر ٹرمپ کی سوچ اور پالیسی کے حوالے سے گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی سائنسدانوں کو صدر ٹرمپ کی جانب سے کورونا وائرس کے خطرات کے بارے میں ان کے انتباہات کو نظرانداز کیے جانے پر گہری تشویش لاحق ہے۔ 
 کورونا وائرس یورپ میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور فرانس کے صدر نے کہا ہے کہ اس سے پیدا ہونے والا بحران مہینوں تک ہمارے دامن گیر رہے گا۔ 
 ادھر اٹلی کی حکومت کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد  سو  سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد تین ہزار چھیاسی تک جا پہونچی ہے۔

ٹیگس