کورونا کے مقابلے میں ایک اور قدم، سیرولوجی ٹسٹ کٹ تیار
Apr ۱۲, ۲۰۲۰ ۰۰:۳۴ Asia/Tehran
ایران کی ایک نالج بیس کمپنی پیشتاز طب زمان نے کورونا کی سیرولوجی ٹسٹ کٹ کی پیداوار شروع کر دی ہے۔
سیرولوجی ٹسٹ کٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ کمپنی کے ڈائریکٹر وحید یونسی بتایا ہے اس کٹ کو کورونا کی تشخیص دینے والی دوسری کٹس کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کٹ کورونا کی تشخیص کے لیے نہیں بلکہ اس بات کا پتہ لگانے کے لیے استعمال ہوگی کہ کورونا کے مقابلے میں بدن کے دفاعی نظام نے کوئی ردعمل ظاہر کیا ہے یا نہیں۔
وحید یونسی نے کہا کہ اس کٹ کے ذریعے پہلے مرحلے میں ایسے لوگوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی جو کورونا کے ہائی رسک شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کٹ ڈاکٹروں اور پالیسی سازوں کو مختلف شہروں اور مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کے درمیان سوشل ڈسٹینسنگ پالیسی مرتب کرنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔
پیشتاز طب زمان کمپنی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اس کٹ کا سب سے اہم کام ہر علاقے میں ریڈزون کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ اس بات کا اندازہ لگانا ہے کہ کورونا وائرس اس علاقے میں کب سے گردش کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی ماہرین کی تیارہ کردہ سیرولوجی کورونا کٹ کی مدد سے صرف پچھتر منٹ میں چھیانوے افراد کا ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے اور دنیا میں ایسی ٹسٹ کٹ کی مثالیں کم ہیں۔