Apr ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran
  • ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ نور کی کامیابی پر ٹرمپ آگ بگولہ

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے دفاعی سیٹیلائٹ نور کے فضا میں کامیابی کے ساتھ خلاء میں روانہ کئے جانے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن قریب سے تہران پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے بارے میں کل اپنی پریس بریفنگ کے دوران ایران کے تیز رفتار بحری جہازوں کی امریکی جنگی جہازوں کے قریب آنے کی صورت میں ایرانی بحری جہازوں کی جانب فائر کھولنے سے متعلق بیان کے جواب میں ایران کے بحری جہازوں کی طاقت و توانائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بہترین ہتھیار اور ساز و سامان ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ اگر ایران کے بحری جہاز امریکی جہازوں کو ہراساں کریں تو امریکی بحریہ ایرانی جنگی کشتیوں کو نشانہ بنائے۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کل بروز بدھ ملک کا پہلا دفاعی سیٹیلائٹ خلا میں روانہ کیا جو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔ نور نامی دفاعی سیٹلائٹ کو خلا میں پہنچانے کے لیے دو مرحلے والے قاصد نامی راکٹ کا استعمال کیا گیا جس نے سیٹلائٹ کو چار سو پچیس کلومیٹر کی بلندی پر زمین کے مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچایا اور سیٹیلائٹ کے روانہ ہونے اور زمین کے مدار میں پہنچنے کے 90 منٹ بعد ہی اس سے زاہدان اور چابہار اسٹیشنوں سے سگنل ملنا شروع ہوگیا۔  

اس سے قبل سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا تھا کہ خلا میں سیٹیلائٹ کی کامیابی کے ساتھ تنصیب کے بعد ایران کی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے.

ٹیگس