ایران، اسی فیصد سے زائد کورونا متاثرین شفایاب ہوئے
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے ایک لاکھ بارہ ہزار افراد میں سے نواسی ہزار، چار سو اٹھائیس مریض صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈاکٹر جہانپور نے بدھ کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ایک ہزار نو سو اٹھاون نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد مبتلا ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ بارہ ہزار سات سو پچّیس ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مدت کے دوران ایران میں مزید پچاس افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد کورونا کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد چھے ہزار سات سو تراسی تک پہونچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تینتالیس لاکھ ستاون ہزار پانچ سو پینسٹھ سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے سولہ لاکھ گیارہ ہزار دو سو چھتیس صحتیاب ہوئے ہیں، جبکہ دو لاکھ ترانوے ہزار دو سو سولہ سے زائد افراد کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے۔