May ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکہ افغانستان میں اپنے سیاسی مفادات کے درپے: شمخانی

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے افغان صدر اشرف غنی اور افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کے درمیان ہونے والی سیاسی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران عوامی رائے سے بننے والی افغان حکومت کی حمایت کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے اپنے افغان ہم منصب حمد اللہ محب  کیساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس گفتگو میں انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے عمل میں افغان حکومت کے مرکزی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی سیاسی سرگرمیوں میں ناقابل قبول راہ پر گامزن ہے۔

علی شمخانی نے کہا کہ جامع انٹرا افغان ڈائیلاگ کا آغاز جمہوریت اور آئین سمیت افغانستان کے عظیم لوگوں کی کامیابیوں کے تحفظ کیلئے ایک اور ضروری اقدام ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایران کے سرحدی محافظ، مشترکہ سرحدوں میں افغان شہریوں کے ایک گروہ کی المناک موت میں ملوث نہیں تھے اور ایران پرعائد الزامات کی تردید میں ناقابل تردید دستاویزات موجود ہیں تاہم افغان فریق کی درخواست پر جوائنٹ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں ان کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

علی شمخانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران ماضی کی طرح افغان بھائیوں اور بہنوں کو مفت میں صحت اور طبی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

اس موقع پر افغانستان کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے درمیان ہونے والی سیاسی ڈیل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کابل کسی بھی طور اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ دو دوست اور برادر ملکوں کے تعلقات غلط اور من گھڑت پروپیگنڈوں کی بھینٹ چڑھ جائیں۔

ٹیگس