Jun ۰۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران سے متعلق خفیہ رپورٹ کی مغربی ذرائع ابلاغ میں اشاعت پر روس کی نکتہ چینی

ویانا میں عالمی اداروں میں تعینات روس کے مستقل مندوب نے کل رات جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی جانب سے ایران سے متعلق خفیہ رپورٹ کی مغربی ذرائع ابلاغ میں اشاعت پر کڑی نکتہ چینی کی۔

عالمی اداروں میں تعینات روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانف Mikhail Ulyanov نے اپنے ٹوئیٹر پیج میں لکھا کہ رکن ممالک کو دی جانے والی رپورٹ کے 5 منٹ بعد مغربی ذرائع ابلاغ میں اس کی اشاعت نے اس کے خفیہ ہونے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے کل جمعہ کے روز اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ ایران جوہری معاہدے میں تعین شدہ مقدار سے زیادہ یورنیئم افزودہ کر رہا ہے۔

ویانا میں عالمی اداروں میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے کل رات جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی جوہری معاہدے سے متعلق نئی رپورٹ پر کہا کہ ایران کی پر امن جوہری سرگرمیاں جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے قوانین و ضوابط اور ایران کی جانب سے جوہری معاہدے میں اپنے وعدوں پرعمل  نہ کرنے کے دائرے میں ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے 8 مئی 2018 کو عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے اور جوہری معاہدے کے دیگر رکن ممالک کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل نہ کرنے کے بعد ایران نے 8 مئی 2019 کو اس معاہدے کی شق نمبر 26 اور 36 کے تحت اپنے وعدوں میں کمی لانے کا فیصلہ اور اعلان کیا تھا۔

ٹیگس

کمنٹس