ایران اور امریکہ کے درمیان مزید قیدیوں کے تبادلے کا امکان
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مزید قیدیوں کے تبادلے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے جمعرات کو آئی آر آئی بی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ کے ساتھ ایرانی قیدیوں کے تبادلے پر ہمیشہ اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی ایرانی شہری امریکی پابندیوں کو نظرانداز کرنے جیسے بے بنیاد الزام میں امریکا میں یرغمال بنا لئے گئے ہیں جب کہ ایران کی نظر میں انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی جیلوں میں ایرانی قیدیوں کی آزادی کے لئے سوئیزرلینڈ کی حکومت اور سفیر سمیت بعض ملکوں کی نیک نیتی کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اگر قیدیوں کے تبادلے کی زمین ہموار ہو جائے تو ان ایرانی شہریوں کی بے گناہی ثابت کردی جائے گی جن پر امریکی پابندیوں کو نظرانداز کرنے جیسے بے بنیاد الزامات عائد ہیں۔