ایران کے خلاف امریکہ کے اوچھے ہتھکنڈے
ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی عالمی ایٹمی ایجنسی میں ایران کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں۔
ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں ایران کے مستقل نمائندے کاظم غریب آبادی نے جمعہ کے روز اپنے انسٹاگرام اکاونٹ میں جاری کردہ ایک پوسٹ میں کہا کہ عالمی ایٹمی ایجنسی میں ایران کیخلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا سہ ماہی اجلاس 15 جون کو منعقد ہوگا تاہم کورونا کی وجہ سے یہ نشست ورچوئل طور پر منعقد کی جائے گی۔
اس اجلاس میں ایران کے پر امن جوہری پروگرام سے متعلق آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر کی جاری ہونے والی رپورٹوں کا جائزہ لیا جائیگا۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ مذکورہ اجلاس میں امریکہ اور بعض یورپی ممالک ووٹنگ کرانے کے درپے ہیں تاہم دیگر رکن ممالک من جملہ روس اس کا مخالف ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے موسمی اجلاس میں ایران کیخلاف پنڈورا بکس کھولنے کی کوشش کریں گے۔