غزہ پر دہشتگرد صیہونی حکومت کے قبضے کا منصوبہ؛ ایرانی وزارت خارجہ کا ردعمل
ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ کو مکمل فوجی قبضے میں لینے اور فلسطینی عوام کو یہاں سے زبردستی بے دخل کرنے کے صیہونی حکومت کے منصوبے کو مقبوضہ فلسطین میں نسل کشی کی اس کی نیت کا غماز قرار دیا ہے
سحرنیوز/ایران: ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ شہر غزہ پر مکمل قبضہ کرنے اور یہاں کے باشندوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے منصوبے کا مقصد، فلسطینی قوم کی نسل کشی کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت پر تاریخی سرزمین فلسطین میں جنگی جرائم اور نسل کشی پر بین الاقوامی فوجداری عدالت اور بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ چل رہا ہے اور یہ غیر قانی فیصلہ، غزہ میں اس کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا ایک اور ثبوت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دنیا کی سبھی حکومتوں کا قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ امریکا اور بعض دیگر مغربی ملکوں کی حمایت سے جاری صیہونی حکومت کے وحشیانہ اور نسل کشی کے جرائم روکنے کے لئے ضروری اقدام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے او آئی سی کے سیکریٹریٹ اور اسی طرح، سعودی عرب سے جہاں اسلامی تعاون تنظیم کا ہیڈکوارٹر ہے اور ترکیہ سے جو اس وقت اس تنظیم کا سربراہ ہے، غزہ کے بارے میں ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔