چوری بھی اور سینہ زوری بھی، راہل گاندھی کے انکشافات کی تحقیقات ہونی چاہئے: پرینکا گاندھی
کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جس طرح کے بیانات آرہے ہیں، اس سے بالکل واضح ہے کہ منصوبہ بند شکل میں بڑی بے ضابطگیاں ہورہی ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ اطلاعات کے مطابق، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ووٹ چوری کے حوالے سے جو انکشافات کئے ہیں۔ وہ انتہائی سنگین ہیں اور ان کی تحقیقات ہونی چاہئے لوک سبھا کے احاطے میں جمعہ کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹ اور ڈیٹا فراہم کرنا چاہئے۔ کمیشن اور بی جے پی کی طرف سے جس طرح کے بیانات دیے جا رہے ہیں، ان سے صاف ہے کہ کچھ بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور اس کی تحقیقات ضروری ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ "راہل گاندھی جی نے اتنا بڑا انکشاف کیا ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ فراہم نہیں کر رہا ہے، تحقیقات نہیں کر رہا ہے، الٹا حلف نامہ مانگ رہا ہے۔ ہم مسلسل ڈیٹا دکھا رہے ہیں، لیکن کمیشن اپنا ڈیٹا ماننے کو تیار کیوں نہیں ہے۔”محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جس طرح کے بیانات آرہے ہیں، اس سے بالکل واضح ہے کہ منصوبہ بند شکل میں بڑی چوریاں ہورہی ہیں۔