استقامت و پائیداری سے ہر دشمن کی شکست ممکن ہے: رہبر انقلاب
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنوں کے دباؤ کا نتیجہ دشمنوں کے سینے پر ایرانی عوام کے زور دار گھونسے کی شکل میں نکلے گا اور دشمن پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت العظمی سید علی خامنہ ای نے ہفتۂ عدلیہ کے موقع پر عدلیہ کے اعلی عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب فرمایا۔ اس موقع پر آپ نے امریکہ، برطانیہ اور یورپی حکومتوں کے مخاصمانہ اقدامات سمیت کے مقابلے میں ایران کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ نے فرمایا کہ اگر ہم اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں گے تو توفیق الہی سے دشمن کا ہر حربہ ناکام رہے گا اور وہ اپنے مقاصد پورے نہیں کر سکے گا۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنوں کے زیادہ سے زیادہ دباؤ کا نتیجہ، دشمنوں کے سینے پر ایرانی عوام کے زور دار گھونسے کی شکل میں نکلے گا اور دشمن پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ملک میں اصلاح اور بہتری کی ہر تحریک کو ناکام بنانے کے لیے دشمنوں کی بلا وقفہ کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن کا ابلاغیاتی شور شرابہ اور رائے عامہ کے ذہنوں کو خراب کرنا، اصلاح کے عمل میں پائی جانے والی رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔
آپ نے فرمایا کہ تبدیلی کے مخالف تمام عناصر اور عوامل کے موثر مقابلے کا واحد راستہ یہ ہے کہ کمزروی نہ دکھائی جائے، استقامت کا مظاہر کیا جائے اور خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے پوری شجاعت کے ساتھ اصلاح کے راستے پر قدم آگے بڑھایا جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ میں جاری نسل پرستی مخالف تحریک اور اس پر امریکی صدر کے جارحانہ اقدامات کی جانب بھی اشارہ کیا اور فرمایا کہ مغربی ممالک حقائق کے برخلاف، اپنی فلموں میں اپنے عدالتی نظام کو آئیڈیل کے طور پر پیش کرتے ہیں اور ان کی اکثر فلموں میں نا انصافیوں کا ذکر تک بھی نہیں کیا جاتا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک کے عدالتی نظام میں اصلاح اور تبدیلی کے جامع اور ترقی یافتہ منصوبے پر زور دیا۔ آپ نے فرمایا کہ آج کرپشن کے خلاف مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے جسے حق و انصاف اور قانون کے مطابق پوری قوت کے ساتھ اس طرح سے آگے بڑھایا جائے کہ کسی بے گناہ پر ظلم نہ ہو۔