قائد انقلاب اسلامی نے دو ہزار سے زیادہ قیدیوں کی سزا معاف یا کم کرنے کی منظوری دی
قائد انقلاب اسلامی نے عید الاضحی اور عید غدیر خم کی مناسبت سے ملک کی مختلف جیلوں میں بند دو ہزار سے زیادہ قیدیوں کی سزا معاف یا کم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عمومی و انقلابی اور فوجی عدالتوں اور اسی طرح حکومتی تعزیراتی اداروں کی طرف سے سزا پانے والے دو ہزار ایک سو پینتیس افراد کی سزا معاف، کم یا تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین رئیسی نے عید الاضحی اور عید غدیر خم کی آمد کے موقع پر قائد انقلاب اسلامی کو ایک خط لکھ کر سزا پانے والے ان قیدیوں کی سزا معاف، کم یا تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
ان قیدیوں کے کیسوں کا معافی کے کمیشن میں جائزہ لیے جانے کے بعد انھیں معافی کے قابل پایا گیا تھا۔ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آئين کی دفعہ ایک سو دس کی شق نمبر گیارہ کے تحت عدلیہ کے سربراہ کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔