امریکہ افغانستان میں خود ساختہ دلدل میں پھنس گیا ہے : ایران
ایران نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں خود ساختہ دلدل میں پھنس گیا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آج منگل کے روز امریکی ذرائع ابلاغ میں من گھرٹ اور جھوٹ پر مبنی خبروں کے ردعمل میں کہ جن میں اس بات کا دعوی کیا گیا تھا کہ دوسرے ممالک افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کو مارنے کیلئے طالبان گروہ کی مالی حمایت کرتے ہیں امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے افغانستان سے نکل جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ افغانستان میں خود ساختہ دلدل میں پھنس گیا ہے اور وہائٹ ہاؤس کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے امریکی فوجیوں کا خون اپنے وطن سے ہزاروں میل دور بہایا جاتا ہے اور کئی سالوں کی جنگ اور افغانستان کے بے گناہ لوگوں کے قتل اور خونریزی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی حکومت افغانستان میں مارے گئے امریکی فوجیوں کے گھروالوں کو کوئی جواب نہیں دے سکتی لہذا وہ میڈیا پروپیگنڈے سے اپنی غلطیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔