Aug ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران روس عسکری تعاون کے نئے باب کا آغاز

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ اسلحہ جاتی پابندیوں کے خاتمے کے بعد تہران ماسکو دفاعی تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔

اپنے دورہ ماسکو کے موقع پر ایک روسی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد تہران اور ماسکو عسکری تعاون کے نئے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کو تہران کے خلاف اسحلہ جاتی پابندیاں ختم ہو جائیں گی اور ایران و روس کے مابین تعاون کے فروغ کا راستہ مزید ہموار ہو جائے گا۔ ایران کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم فعال دفاع کی اسٹریٹیجی پر عمل پیرا ہیں جس کا واضح مطلب ہے کہ ملک کی مسلح افواج کو اس طرح سے آمادہ کیا جائے کہ دشمن یہ باور کر لے کہ اگر اس نے ذرہ برابر بھی کوئی غلطی کرنے کی کوشش کی تو تہران کا جواب اس سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر دفاع نے ماسکو میں اپنے قیام کے دوران اپنے روسی ہم منصب اور دیگر اعلی عہدیداروں سے ملاقات میں تہران ماسکو دفاعی اور عسکری تعاون بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے روس میں ہونے والی بین الاقوامی عسکری کانفرنس آرمی ٹوئنٹی میں شرکت کی اور حاضرین سے خطاب بھی کیا۔

ٹیگس