ایران کے قائد، زمانے کے حسین ہیں: بحرین کے انقلاب کے قائد
بحرین کے انقلاب کے رہبر نے اپنی ایک تقریر میں، قائد انقلاب اسلامی کو زمانے کا حسین بتایا ہے جو بہت سے یزیدوں کے مقابلے میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے صوبۂ زنجان کے لوگوں کے درمیان جمعے کے روز تقریر کرتے ہوئے ولایت فقیہ کی حمایت پر زور دیا اور کہا کہ ایران کے انقلاب کے قائد، زمانے کے حسین ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج ایران کو ولی فقیہ کی قیادت کی نعمت حاصل ہے اور قائد انقلاب اسلامی کی مدد، امام حسین علیہ السلام کی مدد ہے۔ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای آج ایک ایسے حسین ہیں جو دنیا میں ہزاروں یزیدوں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محرم ہمارے لیے ایک امتحان ہے کہ ہم اپنا ہاتھ امام حسین علیہ السلام کے ہاتھ میں دیتے ہیں یا یزید کے ہاتھ میں اور ہمارا مسلک، حسینی مسلک ہے یا یزیدی؟
انھوں نے کہا کہ امام حسین اللہ کے ولی ہیں جبکہ یزید شیطان کا ولی ہے۔ آیت اللہ عیسی قاسم نے کہا کہ جس نے بھی امام حسین علیہ السلام کی ولایت کو تسلیم کیا اسے، اس شخص کی ولایت کو بھی قبول کرنا چاہیے جس کی قیادت سے امام حسین راضی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسی طرح جس نے بھی یزید کی ولایت قبول کر لی وہ امام حسین علیہ السلام اور ان کی ولایت کو تسلیم کرنے والوں سے جنگ کے میدان میں آ گيا ہے۔