رجعت پسند عرب حکام کی منافقت برملا ہو گئی: ڈاکٹر ولایتی
بیداری اسلامی کی عالمی اسمبلی کے سربراہ نے امارات و بحرین کی جانب سے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کئے جانےکی مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی کاز کے ساتھ خیانت قرار دیا ہے۔
عالمی بیداری اسلامی اسمبلی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے ایک بیان میں غاصب صیہونی حکومت کو تسلیم کرنے کے بحرین اور متحدہ عرب امارات کے شرمناک اقدام کی مذمت کی۔
عالمی بیداری اسلامی اسمبلی کے سربراہ نے کہا کہ یہ شرمناک اقدام، علاقے کے بعض رجعت پسند حکام کی منافقت کو برملا، کٹھ پتلیوں کی اصلی نیتوں کو آشکار، امت اسلامیہ کو بیدار، اسلامی تحریکوں اور گروہوں کو متحد، سازباز کے عمل کو کمزور اور استقامتی محاذ کے عزائم کو مضبوط بنائے گا۔
ڈاکٹر ولایتی نے تمام حکومتوں اور امت اسلامیہ سے اپیل کی کہ اس توہین آمیز اقدام کو مسترد کریں اور فلسطینی کاز کو کامیاب بنانے کے لئے کہ جو غاصب صیہونی حکومت کے خاتمے سے عبارت ہے، کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کریں۔
عالمی بیداری اسلامی اسمبلی کے سربراہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالی کی مدد، بیدار قوموں، علماء اور امت اسلامیہ کے مخلصین کے درمیان یکجہتی سے فلسطین نیل سے فرات تک آزاد ہو کر رہے گا۔