Sep ۱۵, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران اسٹیبل آئیسوٹوپ افزودہ  کرنے والا ملک بن گیا

ایران اسٹیبل آئیسوٹوپ کو افزودہ بنانے اور متعلقہ ٹیکنالوجی رکھنے والے دنیا کے چند گنے چنے ملکوں میں شامل ہوگیا ہے

یہ بات ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے اسٹیبل آئیسوٹوپ کی تیاری کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران دنیا کے ایسے چند ممالک میں سے ایک ہے جو اسٹیبل آئیسوٹوپ کو افزودہ بنانے کی مکمل ٹیکنالوجی کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبل آئیسوٹوپ کی تیاری کے لیے سینٹری فیوج مشینوں کی چین ڈیزائننگ بھی ایرانی ماہرین نے خود انجام دی ہے۔

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے بتایا کہ اس وقت ایرانی ماہرین کی تیار کردہ IR 1 سینٹری فیوج مشینوں کے ذریعے اسٹیبل آئیسو ٹوپ کی تیاری کا کام کیا جا رہا ہے۔

علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران کا محکمہ ایٹمی توانائی، جہاں صحت کے شعبے میں کام کر رہا ہے اور نیوکلیئر میڈیسن کی تیاری میں مصروف ہے وہیں ہم اس شعبے میں نئی ٹیکنالوجیوں پر بھی کام کر رہے ہیں جن میں کوانٹم ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں اندرون ملک کافی پیشرفت ہوئی ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے ہفتے سے گیس سینٹری فیوج مشینوں کے ذریعے اسٹیبل آئیسوٹوپ کی تیاری کے دوسرے مرحلے کے لیے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔

ٹیگس