Oct ۰۷, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران ایک خودمختار ملک ہے اور ایجنسی کے ساتھ اس کا اتفاق رائے سفارتکاری کا درخشاں لمحہ ہے: آئي اے ای اے

جوہری توانائي کی عالمی ایجنسی کے سربراہ نے ایران کی خودمختار پر زور دیتے ہوئے ایجنسی اور تہران کے درمیان ہونے والے حالیہ اتفاق رائے کو "سفارتکاری کا درخشاں لمحہ" قرار دیا ہے۔

رفائل گروسی نے سوئزرلینڈ سے شائع ہونے والے اخبار نویے زوریخر زیتونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران، عراق کی طرح سن دو ہزار تین کے بعد سے مقبوضہ ملک نہیں ہے جہاں غیر ملکی معائنہ کار اقوام متحدہ کی حمایت سے آزادی کے ساتھ رفت و آمد کر سکتے ہیں بلکہ وہ ایک خودمختار ملک ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تبادلۂ خیالات کے بعد ایران نے اپنے دو مراکز کے معائنے کی اجازت دی ہے اور یہ سفارتکاری کا ایک درخشاں لمحہ ہے۔ آئي اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف امریکہ اور اسرائيل کے دعووں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی مواد اور آئزوٹوپس کے معائنے کے لیے انتہائي پیشرفتہ ٹیکنالوجی موجود ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائيل کا کہنا ہے کہ ایران نے اپنے ایٹمی مراکز کی صفائي کر دی ہے اور اب وہاں معائنے کا کوئي فائدہ نہیں ہے۔ رفائل گروسی نے معائنے کے نتائج کے بارے میں کہا کہ ایران کے ایٹمی مراکز کا تجزیہ اب بھی جاری ہے اور یہ کوئي عمومی نمائش کا موضوع نہیں ہے۔ اگر ہمیں کوئي قابل توجہ چیز ملتی تو ہم پہلے ایران سے اس کے بارے میں پوچھتے۔

ٹیگس