ایران کی پہلی کورونا ویکسین کلینیکل مرحلے میں داخل
کورونا کی پہلی ایرانی ویکسین نے ایتھکس ان ریسرچ کوڈ حاصل کرلیا ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ قومی کمیٹی برائے ریسرچ اور اخلاقیات نے کووڈ نائٹین کی پہلی ایرانی ویکسین کو ایتھکس ان ریسرچ کوڈ جاری کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کوڈ ملنے کے بعد شفا فارمڈ کی تیار کردہ پہلی کووڈ نائنٹین ویکسین کلینیکل ٹرائل کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے بھی اعلان کیا تھا کہ ایران عنقریب کورونا ویکسین بنانے والے ملکوں کی صف میں شامل ہوجائے گا۔
درایں اثنا تہران میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے کرسٹوفر ہیمل مین نے ایران میں کورونا ویکسین کی تیاری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی محققین کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے اپنی پوری کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ سیاسی طور پر لگائی جانے والی پابندیاں تہران کی سائنسی ترقی و پیشرفت کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔