حکومت کورونا ویکسین کے حصول کو یقینی بنا رہی ہے: صدر ایران
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود حکومت کورونا ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اور قومی سطح پر ویکسین لگانے کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔
تہران میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی ترجیحات کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سن رسیدہ افراد، دیرینہ بیماریوں میں مبتلا مریضوں اور میڈیکل اسٹاف کو پہلی ترجیح حاصل ہوگی۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ملک میں اجتماعی سلامتی اور کورونا چین ٹوٹ جانے کا یقین پیدا ہوجانے تک ایران بھر میں عمومی ویکسینیشن کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے وزارت ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ وہ کورونا ویکسین کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کے لیے لازمی اقدامات عمل میں لائے۔ صدر ایران نے یہ بھی کہا کہ کورونا ویکسین کی اندرون ملک تیاری حکومت کی ترجیحات میں اب بھی سرفہرست ہے۔