کسی بھی سرمایہ کار کو عدم تحفظ کا احساس نہیں ہونا چاہئے: صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ملک میں قانونی طور پر فعال کسی بھی سرمایہ کار کو اقتصادی ، سماجی اور سیاسی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہونا چاہئے۔
صدر مملکت حسن روحانی نے منگل کو ایکونومک کوآرڈینیشن ہیڈکوارٹر کے اجلاس میں کہا کہ سرمایہ کاری کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی کا اہم جزء شمار ہوتی ہے اور ملک سے سرمایہ باہر نکلنے کے محرکات کو ختم کرنا اور بیرون ملک سے سرمایہ لانے کی ترغیب دلانا، ملکی اقتصاد کی پائدار ترقی اور استحکام میں دو اہم عنصر ہیں۔
صدر روحانی نے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے اعتماد اور سیکورٹی کو سرمایہ کاری کا بینادی اور بڑا رکن قرار دیا اور کہا کہ جو بھی سرمایہ کار قانونی طور پر ملک میں سرمایہ کاری کرتا ہے اسے ملک کی ترقی میں اپنی مشارکت کے عمل میں اقتصادی، سماجی اور سیاسی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی عائد کردہ پابندیوں کا مقصد ملک کی پیشرفت اور انفراسٹکچر کے فروغ میں سرمایہ کاری کو روکنا ہے اور حکومت نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ رکاوٹ پیدا کرنے والے قوانین کو ختم یا اس میں ترمیم کرکے سرمایہ کاری کی زمین ہموار کرے اور اس کے ذریعے پابندیوں کو بھی ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ پیداوار و استقامتی اقتصاد کو بھی فروغ دے۔