ایرانی فوج دشمن کی معمولی سی بھی غلطی کا انتہائي سخت جواب دے گي: جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے چیف نے کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے کی جانے والی معمولی سی غلطی کا بھی ایرانی فوج انتہائي دنداں شکن جواب دے گي۔
میجر جنرل محمد باقری نے منگل کے روز فوج کی ڈرون مشقوں کے معائنہ کے دوران کہا کہ فوج کی نئی اور غیر معمولی کامیابیوں کی رونمائی کی گئي ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ڈرون طیاروں کے میدان میں ایک اعلی اور قابل قدر مقام پر پہنچ چکی ہیں اور ایران کی مسلح افواج کے ڈرون طیاروں کی مشقوں اور اسی طرح کی دیگر فوجی مشقوں سے، جو حالیہ دنوں میں خلیج فارس میں کی گئی ہیں، پتہ چلتا کہ ایران کی فوج ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
میجر جنرل باقری نے مغربی ایشیا کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکہ کی دہشت گرد اور مجرم فوج کی جانب سے خطے میں کچھ سرگرمیاں انجام دی گئیں اور اس کا مقصد طاقت کا مظاہرہ کرنا اور خوف پیدا کرنا تھا۔
انھوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف جارحیت کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن وہ ہر خطرے اور چیلنج کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
میجر جنرل باقری نے کہا کہ مسلح افواج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور اگر دشمن نے معمولی سی بھی غلطی کی تو یقینی طور پر ایرانی فوج کا جواب انتہائي سخت ہوگا۔