مغربی ڈیموکریسی کی بنیاد کھوکھلی ہے: صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ کے حالات اور کانگریس کی عمارت پر حملے سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ مغربی ڈیموکریسی کی بنیاد کمزور اور کھوکھلی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو امریکہ میں گزشتہ رات رونما ہونے والے واقعے اور واشنگٹن میں اس ملک کی کانگریس کی عمارت پر ہونے والے حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات سے ثابت ہوتا ہے کہ مغربی ممالک میں سائنسی و صنعتی پیشرفت کے باوجود بدستور پوپولیزم موجود ہے اور پوپولیزم کا حامی ایک شخص چار سال تک ملک کی عزت و حیثیت سے کھلواڑ کرتا رہا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ٹرمپ جیسے ایک ناسالم آدمی نے امریکہ کی حکومت حاصل کر کے پورے دنیا سے اس کے تعلقات میں مسائل پیدا کر دیئے اور اپنے ملک کے ساتھ ساتھ مغربی ایشیا، فلسطین، شام ، یمن اور دنیا کے تمام علاقوں کو بھی بھاری نقصان پہنچایا۔
صدر حسن روحانی نے امید ظاہر کی کہ امریکی کانگریس کے واقعات پوری دنیا اور وائٹ ہاؤس کے آئندہ حکمرانوں کے لئے درس عبرت ہوں گے جو دو ہفتے بعد اقتدار سنبھالنے والے ہیں۔