Jan ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا ویکسین کا انسانی تجربہ کامیابی کے ساتھ جاری

ایران میں اندرون ملک تیار ہونے والے کورونا ویکسین کوو ایران برکت کا انسانی تجربہ عالمی معیاروں کے مطابق جاری ہے۔

ایران کورونا ویکسین کے انسانی تجربے کی نگراں کمیٹی کے رکن ڈاکٹر مینو محرز نے کوو ایران برکت ویکسین کے انسانی تجربے میں پیشرفت کے بارے میں بتایا کہ اتوار کے روز مزید تین افراد کو یہ ویکسین لگایا گیا اور پیر کو مزید چار افراد کو تجرباتی طور پر یہ ویکسین لگایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے جن سات افراد کو تجرباتی طور پر یہ ویکسین لگایا گیا، ان کا روزانہ معائنہ کیا جا رہا ہے اور اب تک کسی میں بھی کوئی قابل توجہ ری ایکشن نہیں دیکھا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران میں تیار ہونے والے کوو ایران برکت ، کورونا ویکسین کے انسانی تجربے کا پہلا مرحلہ انتس دسمبر کو شروع کر دیا گیا ہے۔ ویکسین کے انسانی تجربے کا پہلا مرحلہ دو مہینے میں مکمل ہوگا جس کے دوران کل چھپن افراد کو یہ ویکسین لگایا جائے گا۔

اس دوران ایران کی وزارت صحت نے چوبیس گھنٹے میں پانچ ہزار نو سو اڑسٹھ نئے کورونا مریضوں کے اندراج کی خبر دی ہے جن میں سے چار سو سترہ کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور بقیہ کو گھروں میں ہی قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دے کر رخصت کر دیا گیا۔

ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید اکہتر مریض جان کی بازی ہار گئے۔ ایران میں مجموعی طور پر کورونا سے بارہ لاکھ چھیاسی ہزار چار سو چھے افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے چھپن ہزار ایک سو اکہتر جاں بحق اور دس لاکھ پچھترہزار سے زائد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔

ٹیگس