Feb ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران میں مغربی ایشیا کے سب سے بڑے سیلنڈر سازی کے کارخانے کا افتتاح

ایران کے صوبے قزوین میں قائم ایران کے پہلے اور مغربی ایشیا میں معیاری سی این جی اور آکسیجن سیلنڈر بنانے والے سب سے بڑے کارخانے کا افتتاح کردیا گیا ہے جس میں سالانہ دو لاکھ پچاس ہزار یونٹ سی این جی تیار کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

ایران کی وزارت دفاع اور نجی شعبے کے تعاون سے قائم کیے جانے والے ایران کے سب سے پہلے اور مغربی ایشیا کے سب سے بڑے سی این جی اور آکسیجن سیلنڈر تیار کرنے والے اس کارخانے کا افتتاح  وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے خصوصی تقریب کے دوران کیا۔

 افتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ یہ کارخانہ  حساس دفاعی ٹیکنالوجیوں کو شہری مقاصد کے لیے کام میں لانے کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی صنعتوں اور خاص طور سے  آٹو موبائل  کی صنعتوں کو جب بھی وزارت دفاع کی حمایت  کی ضرورت ہو، ہمارے ماہرین ان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں تاکہ عالمی سامراجی نظام کی عائد کردہ پابندیوں کی دیوار کو منہدم اور  اس قوم کے دشمنوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

ایران کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا کے سب سے بڑے اور ایران کے پہلے سی این جی سیلنڈر بنانے والے کارخانے کا افتتاح اسلامی انقلاب کے چالیس سالہ ثمرات میں ایک زریں باب کا اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کارخانے کے افتتاح سے ملک،  سی این جی اور آکسیجن سیلنڈر کی پیداوار میں خودکفیل ہوجائے گا اور زر مبادلہ کے مد میں لاکھوں ڈالر کی بچت ہوگی۔

امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ یہ کارخانہ گرین ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس کے نتیجے میں بڑے شہروں میں آلودگی جیسے مسائل پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔

قابل ذکر ہے کہ اس کارخانے میں بیک وقت سی این جی اور آکسیجن سیلنڈر تیار کرنے والی  دو پروڈکشن لائن کام کر رہیں جن میں دس  لیٹر سے ایک سو تینتیس لیٹر کی گنجائش والے سیلنڈر تیار کیے جا رہے ہیں۔

یہاں تیار کیے جانے والے سی این جی سیلنڈر ٹرانسپورٹ سیکٹر میں چلنے والی پندرہ لاکھ سے زائد گاڑیوں کو  پیٹرول سے سی این جی میں تبدیل کرنے کی غرض سے استعمال کیے جائیں گے۔

ایران میں تیار کیے جانے والے سی این جی اور آکسیجن سیلنڈروں کو معیار کے عالمی اداروں کی تائید اور سرٹیفیکٹ بھی جاری کیے  جا چکے ہیں۔

ایران کا سی این جی اور آکسیجن سیلنڈر بنانے والا یہ کارخانہ جدید ترین ٹیکالوجی کا حامل ہے جس میں عالمی معیار کی کوالٹی کنٹرول لیب  بھی شامل ہے جس کے باعث یہاں تیار کیے جانے والے سیلنڈر سیفٹی کے اعلی معیاروں کے مطابق تیار کرکے  صارفین کو فراہم اور پیداواری گنجائش میں اضافے کے بعد دنیا کے دیگر ملکوں کو برآمد بھی کیے جا سکیں گے۔

 

ٹیگس