ایرانی کھلاڑی کو سونے کا تمغہ
متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں میں منعقدہ نابیناؤں اور کم بیناؤں کے بین الاقوامی مقابلوں میں ایرانی کھلاڑی نے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
متحدہ عرب امارات میں جاری بین الاقوامی مقابلوں کے دوسرے روز نیزہ پھینکنے کے شعبے میں ایران کے کم بینا کھلاڑی بہزاد عزیزی نے چونسٹھ میٹر سینتس سینٹی میٹر دور تک نیزہ پھینک کر ایک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
اس مقابلے میں اڑتالیس میٹر پینتالیس سینٹی میٹر کے ساتھ لیتھوانیا کے کھلاڑی دوسرے نمبر اور چوالیس میٹر تیس سینٹی میٹر کے ساتھ ایک اور ایرانی کھلاڑی مسعود حیدری تیسرے نمبر پر رہے جنہوں نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ایتھلیٹکس میں بھی چار سو میٹر کی دوڑ میں ایران کے وحید علی نجیمی نے پچاس اعشاریہ چار ایک سیکنڈ میں دوڑ پوری کر کے تیسرا مقام حاصل کیا۔
متحدہ عرب امارات میں مختلف قسم کے کھیلوں کے چھے سو دو کھلاڑیوں پر مشتمل یہ مقابلے آئندہ اتوار تک جاری رہیں گے۔ ان مقابلوں میں چون ممالک شریک ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور طبی پروٹوکول کی بنا پر طے کئے جانے والے فیصلے کے مطابق برتر کھلاڑیوں کے تمغے آنلائن اور ٹیم کوچ کو ہوٹل میں دیئے جائیں گے۔