ایرانی ویکسین برٹش کورونا وائرس پر موثر
ایرانی ماہرین کی تیار کردہ کورونا ویکسین برٹش کورونا وائرس کو مکمل ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بات ایرانی کورونا ویکسین منصوبے کے ڈائریکٹر محمد مخبر نے صوبہ فارس میں ایتھین پائیلٹ پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ "کوو برکت ایران" نامی ویکسین کے مختلف تجربات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ یہ ویکسین تبدیل شدہ برٹش کورونا کو سو فیصد تک ختم کر سکتی ہے۔
محمد مخبر کا کہنا تھا کہ ایرانی کورونا ویکسین کے انسانی ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ رواں ماہ کے دوران شروع کر دیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں اگلے ماہ کے آخر میں تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایرانی ویکسین کی صنعتی پیمانے پر پیداوار کی جانب تیزی سے قدم آگے بڑھا رہے ہیں اور اس کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جارہا ہے۔ مذکورہ عہدیدار کے مطابق ایران میں مغربی ایشیا کا ویکسین بنانے والا سب سے بڑا کارخانہ دو ہفتے کے بعد اپنا کام شروع کر دے گا جہاں ویکسین کی دو سے تین ملین خوراکیں ماہانہ تیار کی جا سکیں گی۔
محمد مخبر کا کہنا تھا کہ مذکورہ کارخانے کے فیز دو کی تعمیر بھی جلد شروع کر دی جائے گی جس کے بعد اس کی پیداواری گنجائش چودہ سے پندرہ ملین خوراک ماہانہ تک پہنچ جائے گی۔