ملک میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے ، حالات آئندہ ہفتوں میں اور بہتر ہو جائیں گے ، ڈاکٹر روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کی ہے کہ حکومت، کورونا ویکسین خریدنے کی اپنی پوری کوشش کر رہی ہے اور جتنا بھی ممکن ہو رہا ہے کورونا ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز انسداد کورونا کی قومی کمیٹی کے ساتھ تشکیل پانے والے اجلاس میں ملک میں ویکسینیشن کا عمل شروع ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں طبی عملے اور سن رسیدہ افراد نیز ایسے افراد کے لئے کہ جن میں کسی قسم کی بیماری پیدا ہونے کا خطرہ پایا جاتا ہے، حالات آئندہ ہفتوں میں اور بہتر ہو جائیں گے۔
صدر مملکت نے اسی طرح کہا کہ ترقی یافتہ، امیر اور وسائل و ذرائع کے حامل ممالک ، زیادہ سے زیادہ ویکسین حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ان کے ملک میں ویکسینیشن کا عمل انجام پا سکے جبکہ اخلاقی و انسانی فریضہ اس بات کا متقاضی ہے کہ ساری دنیا کے لوگوں کی فکر ہونا چاہئے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ کورونا ایک ایسی بیماری ہے کہ جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ایران کے صدر نے کہا کہ حقیقی تحفظ اسی صورت میں حاصل ہو سکتا ہے جب پوری دنیا کے لوگوں کا ویکسینیشن ہو جائے اور ساری دنیا کے لوگ ویکسین کا استعمال کر سکیں۔انھوں نے موجودہ صورت حال میں سرحدوں پر ماضی سے کہیں زیادہ احتیاط اور ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا جنوب مغربی صوبہ خوزستان، ملک کا ایک ایسا اہم صوبہ ہے کہ وہاں کورونا کی لہر نے شدت اختیار کر رکھی ہے اس لئے آنے جانے والوں پر پورا کنٹرول ہونا چاہئے تاکہ اس صوبے کے لوگ جلد سے جلد بہتر پوزیشن میں آسکیں۔