ایران سائنسی اور صنعتی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ملانے کو تیار ہے، ڈاکٹر صالحی
ایران دنیا بھر کی سائنسی اور صنعتی طاقتوں کے ساتھ رقابت کی پوری توانائی رکھتا ہے۔
یہ بات ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبرصالحی نے جوہری علوم و فنون ریسرچ اسکول کے زیراہتمام ایٹمی ٹیکنالوجی کے بارے میں منعقدہ ایک نمائش کے معائنہ کے موقع پر کہی ۔
ڈاکٹرعلی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ ایران نے صنعتی اور علمی طاقتوں سے پنجہ لڑانا شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ایٹمی توانائی کی صلاحیت و توانائی کے بہت سے شعبے ابھی پوشیدہ ہیں اور ہمارے ایٹمی ماہرین ایٹمی اور صنعتی طاقتوں کا مقابلہ کررہے ہیں ۔
ڈاکٹرعلی اکبرصالحی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ نیوکلیر میڈیسن کی تیاری انتہائی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی ہے جو آسانی سے ہاتھ نہیں آتی۔ انہوں نے کہا ہم ایسی ریڈیومیڈیسن تیار کر رہے ہیں جن کی ایک ڈوز کی قیمت ستاون ہزار ڈالر کے برابر ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم نے بڑی صنعتی اور سائنسی طاقتوں کے پنجوں میں پنجہ ڈال دیا ہے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یہ ہماری ایک عظیم کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبرصالحی نے جوہری علوم وفنون ریسرچ اسکول میں جاری نمائش کے موقع پر سرطان کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی دو ریڈیو میڈیسن کی رونمائی بھی کی ۔