کرونا تو کرونا ہے ، ہم تو کیمیائی اور ایٹمی خطروں کے لیے پوری طرح تیار ہیں، وزیردفاع کا اعلان
ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج جراثیمی، کیمیائی اور ایٹمی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔
نئی ایرانی کورونا ویکسین فخرایک کی تقریب رونمائی اور انسانی آزمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج تمام خطرات اور ہر اس چیز کے مقابلے کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں جسے دشمن جارحیت کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کیمیائی، جراثیمی اور ایٹمی حملوں کا مقابلہ کرنے کی پوری توانائی رکھتی ہیں۔
ایران کے وزیر دفاع نے آٹھ سالہ جنگ کے دوران عراق کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہتھیار انسانی حقوق کے دعویداروں نے صدام حکومت کو فراہم کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ صدام حکومت نے نہ صرف ہمارے سپاہیوں بلکہ خود عراقی شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد ایرانی اور عراقی شہری شہید اور متاثر ہوئے۔
ایران کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جاپان پر امریکہ کی ایٹمی بمباری میں دو لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے جبکہ تابکاری اثرات نے برسوں تک جاپانیوں کو اپنے پنچوں میں جکڑے رکھا۔