Mar ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • دشمنوں کی شکست ایرانی عوام کی استقامت کی بدولت

صدر ایران ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا ہے ایرانی عوام کی استقامت کی وجہ سے دشمنوں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا -

 نئے ایرانی سال چودہ سو ہجری شمسی کے آغاز اور عید نوروز کے موقع پر اپنے نشری  پیغام میں صدر حسن روحانی نے قوم کو نوروز کی مبارک باد پیش کی ہے۔

انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف مسلط کی جانے والی بے رحمانہ اور ظالمانہ پابندیوں اور اقتصادی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم نے ایسے وقت میں کورونا کا مقابلہ کیا ہے جب ہم اس وبا کے مقابلے میں معمول کی عالمی امداد سے بھی محروم تھے حتی دنیا بھر کے بینکوں میں موجود ایرانی اثاثوں تک بھی دسترسی حاصل نہیں تھی۔

صدر ایران نے واضح کیا کہ ایسا دشوار اور یخ بستہ ماحول، یہ ابتلائےعظیم اور بیک وقت کئی محاذوں پر جاری یہ جنگ، ایرانی عوام کے صبر، استقامت اور دانشمندی کے نتیجے میں، ملکی تاریخ کے درخشاں اور قابل فخر باب میں تبدیل ہوگئی ۔

انہوں نے کہا کہ آج دشمن اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ عظیم ایرانی قوم کو طاقت، دھمکیوں اور پابندیوں کی زبان سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا لہذا وہ مجبور ہوکے اس قوم کے ساتھ تعمیری تعاون کے راستے پر واپس آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صدر ایران نے کہا کہ، بین الاقوامی سیاست کے میدان میں ہماری کوششوں کے نتیجے میں، اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور عالمی عدالت انصاف میں ہمیں پے در پے کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں اور آج دنیا کے ساتھ ہمارے وسیع ، گہرے اور اسٹریٹیجک تعلقات ہیں جبکہ ہمارے دشمن اپنے عزائم میں تنہا اور ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

 

ٹیگس