چودہ سو ہجری شمسی کا سال اقتصادی ترقی اور مشکل دور کے خاتمے کا سال ہوگا : صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ بلاشبہ سن چودہ سو ہجری شمسی ملک کی دوبارہ اقتصادی ترقی کا سال ہوگا اور دشمن کی اقتصادی جنگ کے مقابلے میں قوم کی تین سالہ استقامت بارآور ہوگی
صدر حسن روحانی نے اتوار کو حکومت کی اقتصادی کمیٹی کے بارہویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ۔ ملت ایران کے خلاف امریکہ کے زیادہ سے زیادہ دباؤ اور تین سالہ اقتصادی جنگ کے دوران کہ جس کی اس سے پہلے کوئی مثال نہیں ملتی ، ملکی اقتصاد کی گاڑی کو آگے بڑھانے اور ملک کو چلانے میں کامیاب رہی ہے ۔
صدر مملکت نے اس اجلاس میں وزیراقتصاد کو ہدایات دیں کہ ملکی پیداوار اور پیداواری مراکز کی حمایت و مدد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو پہلے سے زیادہ تیزی سے جلد سے جلد دور کیا جائے ۔
صدر حسن روحانی نے پیداوار میں اضافے کے لئے مجریہ ، مقننہ ، عدلیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان یکجہتی و اتحاد اور باہمی تعاون نیز عوام کی جانب سے پیداواری مراکز کی حمایت اور پیداوار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔