افزودگي روکنے کے بدلے میں ایک ارب ڈالر ریلیز کرنے پر ایران گفتگو نہیں کرے گا
ویانا کے مذاکرات تعمیری تھے، اگلی نشست جمعے کو ہوگي: ایرانی مذاکرات کار
ایران کے سینیر ایٹمی مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے مذاکرات تعمیری تھے اور اس کمیشن کی اگلی نشست جمعے کو ہوگي۔
ایران کے خارجہ سیکریٹری اور ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے، جو ویانا نشست میں ایرانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، منگل کی شام کو نشست کے پہلے دور کے خاتمے کے بعد اس کے نتائج کو مثبت قرار دیا۔ انھوں نے پریس ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ویانا میں ایٹمی معاہدے کے تعلق سے گفتگو کے بارے میں کہا کہ ویانا میں پہلے دور کے مذاکرات تعمیری تھے۔
انھوں نے کہا کہ مذاکرات کار ویانا میں رکے رہیں گے تاکہ جمعے کے روز ایک اور نشست میں حصہ لے سکیں۔ عراقچی نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کے اقدامات کے سلسلے میں ماہرین کی سطح پر مذاکرات جاری رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یورینیم کی بیس فیصد افزودگی روکنے کے بدلے میں ایران کے منجمد اثاثوں میں سے ایک ارب ڈالر ریلیز کیے جانے کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی گفتگو کو مسترد کرتے ہیں۔
ایران کے سینیر ایٹمی مذاکرات کار عباس عراقچی نے کہا کہ ہم ایٹمی معاہدے کے بارے میں ہی کوئي مذاکرات نہیں کر رہے ہیں تو ایٹمی معاہدے کے علاوہ اور دیگر موضوعات کے بارے میں مذاکرات کا تو سوال ہی نہیں اٹھتا۔